سوشل میڈیا پر لوگ ہمارے بارے میں ایسا بھی لکھتے ہیں جو پڑھنا مشکل ہوتا ہے: طوبیٰ انوار

پاکستانی اداکارہ طوبیٰ انوار نے ٹرول کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو تنبیہ کی ہے۔

ان دنوں اداکار آغا علی اور طوبیٰ انوار جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل مہرہ میں دکھائی دے رہے ہیں اور دونوں کی جوڑی کو ناظرین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں آغا علی اور طوبیٰ انوار نے ذہنی صحت، سوشل میڈیا، معاشرتی مسائل اور ڈرامے کی کہانی پر خصوصی گفتگو کی۔

یہ بھی پڑھیں
طوبیٰ انور نے جیون ساتھی کیلئے خصوصیات گنوادیں
شادی یا تعلق میں رہنا آرٹ ہے جسے سمجھنا ضروری ہے: طوبیٰ انور
اس سوال پر کہ سوشل میڈیا پرکیے گئے تبصرے ذہنی صحت کو کس طرح متاثر کرتے ہیں اور ٹرولنگ سے عام افراد سمیت فنکاروں کے ذہن پر اس کا کیا اثر پڑتا ہے؟

طوبیٰ انوار نے کہا کہ لاکھوں میں فالوورز ہونے کی وجہ سے بہت لوگ ہمیں دیکھ رہے ہوتے ہیں، لوگ بہت کچھ لکھتے ہیں جسے پڑھنا اور قبول کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے کہ لوگ آپ کے بارے میں کیا کہہ رہے ہیں، ایسی ایسی نامناسب باتیں لوگ لکھ دیتے ہیں جو کوئی بھی اپنے بارے میں پڑھنا نہیں چاہے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ کوئی فرق نہیں پڑھتا، ایسا بالکل نہیں ہے، کوئی بات آپ سے متعلق کی جائے تو آپ کو فرق پڑے گا اور فرق پڑھتا ہے، ایسی چیزیں اپنے بارے میں پڑھیں جو بہت ناگوار گزریں، آپ ایسے کیسے کسی کے بارے میں لکھ سکتے ہیں؟

اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم بالکل عوامی شخصیت ہیں لیکن ایسا نہیں ہے کہ آپ کا جو دل چاہے گا آپ آکے لکھ دیں گے۔

تو کیا اداکاروں کو ناگوار کمنٹس پر جواب دینا چاہیے؟

اس سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ ہم اگر ایسے منفی تبصروں پر جواب دیں تو بدتمیز کہا جاتا ہے، افسوس کی بات ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں انسٹاگرام اسکرول کرتے ہوئے وہ کچھ بھی لکھ دیں گے اور کسی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا؟ فرق پڑتا ہے اور وہ گناہ آپ کے اوپر جانا ہے۔

اداکارہ کے اس جواب پر آغا علی بھی متفق نظر آئے اور انہوں نے کہا کہ جو لوگ ٹرولنگ کرتے ہیں وہ یاد رکھیں کہ ایک دن اللہ کو منہ بھی دکھانا ہے تو اپنے الفاظ کا خیال رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں