ڈکی بھائی کا اعترافِ جرم: بیٹنگ ایپ کیس میں بڑا موڑ، اہلیہ عروب جتوئی بھی نامزد
پاکستان کے مشہور یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی نے آخرکار بیٹنگ ایپ کیس میں اعترافِ جرم کر لیا۔ 16 اگست کو انہیں آن لائن بیٹنگ ایپس اور سٹے بازی کی تشہیر کے الزام میں گرفتار کر کے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے حوالے کیا گیا تھا۔
ڈکی بھائی نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نہ صرف اپنے جرم کا اعتراف کیا بلکہ قوم سے معافی بھی مانگی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں وہ کہتے دکھائی دیے:
“میں روسٹنگ ویڈیوز بناتا تھا، جو کہ ایک غیر اخلاقی عمل تھا، جس پر میں پوری قوم سے معافی مانگتا ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا:
“مجھے کچھ ایپس کی تشہیر کی پیشکش کی گئی، جن کی میں نے تصدیق کیے بغیر پروموشن کی، کیونکہ وہ ٹی وی پر، خاص طور پر پی ایس ایل میچز کے دوران عام نظر آتی تھیں۔ میں سمجھا یہ قانونی ہوں، لیکن اب اپنی غلطی کا احساس ہے اور اس پر بھی میں معافی چاہتا ہوں۔”
ریمانڈ میں توسیع
لاہور کی عدالت نے پہلے ڈکی بھائی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا، جسے بعد ازاں 4 دن کے لیے بڑھا دیا گیا۔ 23 اگست کو ان کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں دوبارہ پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے مزید 5 روزہ ریمانڈ منظور کر لیا۔
اہلیہ بھی کیس میں نامزد
اس کیس میں ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ تاہم، لاہور کی سیشن عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 30 اگست تک گرفتاری سے روکنے کا حکم دے رکھا ہے۔