0

وزیراعظم کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کے انخلا کےلئےجاری آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے انخلا کے لئے جاری آپریشن تیز کرنے اور متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور خیموں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال اور امدادی کارروائیوں کے حوالہ سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے اضلاع میں ریسکیو آپریشنز تیز تر کیا جائے۔

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے انخلاء کے لئے جاری آپریشن میں مزید تیزی لانے ، متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور خیموں کی فراہمی یقینی بنانے اور چیئر مین این ڈی ایم اے کو پنجاب کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ادارے سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ملک میں سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دریائے ستلج میں سیلاب کے حوالے سے پیشگی اطلاع کی وجہ سے آبادی کے انخلاء کے باعث متاثرہ علاقوں سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دریائے ستلج کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں متعلقہ اداروں کے ریسکیو آپریشنز جاری ہیں ، اب تک ایک لاکھ 74 ہزار 74 افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے ۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ضلع نارووال میں لہری بند کے سیلاب سے متاثرہ علاقے سے مقامی آبادی کے انخلاء کو یقینی بنایا جا رہا ہے، صوبہ خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں قومی شاہراہ کا 2 کلومیٹر کا علاقہ سیلاب کی وجہ سے زیر آب ہے جس کی بحالی کا کام جاری ہے ، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی دریائے راوی میں جسٹر اور دریائے چناب میں مرالہ کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

نالہ ڈیک میں بھی شدید سیلابی صورتحال ہے ، اگلے 12 سے 24 گھنٹوں میں لاہور، گوجرانوالا ، گجرات، راولپنڈی ڈویژنز، آزاد جموں و کشمیر کے اضلاع میں شدید بارشیں جبکہ گلگت بلتستان کے کئی مقامات پر بھی بارشیں متوقع ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں