0

کراچی میں جشنِ میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس برآمد، وزیراعلیٰ سندھ کی صوبائی وزرا کے ہمراہ شرکت

کراچی میں جشنِ میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوگیا جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ شرکت کی۔

امیر جماعت اہلسنت شاہ عبدالحق قادری کی قیادت میں جلوس کا آغازہوا، شرکاء جلوس نبی رحمت ﷺ کی ولادت کے سلسلے میں نکالے گئے جلوس میں سبز پرچم لہرا رہے ہیں۔

جلوس ایم اے جناح روڈ کی جانب رواں دواں ہے اور شرکاء جلوس میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں نعرے بلند کررہے ہیں۔

جلوس کے راستے میں جگہ جگہ پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، دوران جلوس نعت خوانی کی جارہی ہے، مختلف نعت خواں نبی رحمت ﷺ کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کررہے ییں۔

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال ایم کیوایم پاکستان کے جشن ولادت استقبالیہ کیمپ میں پہنچے، جب کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی جشنِ میلادالنبی ﷺ کے جلوس میں شرکت کی۔Urdu audiobooks

اس موقع پر صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر رہنما بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جشنِ آمدِ رسول ﷺ کی مبارکباد پوری امتِ مسلمہ کو پیش کرتا ہوں۔

قبل ازیں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے میمن مسجد کراچی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول کو کراچی میں مرکزی جلوس سمیت شہر میں میلاد النبی ﷺ کے چھوٹے بڑے 500 سے زائد جلوس نکالے جار ہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے علاوہ میلاد النبی ﷺ کے 1 ہزار سے زائد اجتماعات ہورہے ہیں، جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے پورے شہر اور مرکزی جلوس کے راستے میں مجموعی طور پر 14 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوگا، ایم اے جناح روڈ پر مرکزی جلوس میں مختلف مقامات پر 4 سے 5 مزید جلوس شامل ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی کلینڈر اور مذہبی سرگرمیوں کا آغاز محرم سے ہوتا ہے جو آج 12 ربیع الاول کو مکمل ہوتی ہیں، الحمد اللہ ہم نے گزشتہ دو ماہ بہتر سیکیورٹی اور امن و امان سے گزاریں ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں