اسلام آباد:26 نومبر احتجاج کیس میں عدالت نے بشریٰ بی بی، عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع کردی۔
انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر احتجاج، سپریم کورٹ کے باہر مظاہرے ودیگر کیسز کے معاملے میں بشریٰ بی بی، عمر ایوب سمیت دیگر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کردی۔
عدالت نے متعلقہ مقدمات میں پولیس کو 13 نومبر تک گرفتاری سے روک دیا۔ انسداددہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس پر سماعت کی ، جس میں شیر افضل مروت، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی، سمیت دیگر رہنما پیش ہوئے۔
عدالت میں عمر ایوب، زرتاج گل و دیگر کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں دائر کی گئی اور عدالت نے حاضری سے استثنا کی تمام درخواستیں منظور کر لیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی مجموعی طور پر 240 سے زائد ضمانتیں زیر سماعت تھیں۔ عدالت نے اگلی سماعت پر فریقین کو دلائل دینے کی ہدایت کی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ رمنا، سنگجانی ،ترنول و دیگر میں مقدمات درج ہیں.