0

کراچی میں آج اور کل موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

کراچی:مون سون سسٹم کے تحت شہر قائد میں آج اور کل موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے سبب اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق ڈیپ ڈپریشن کا مرکز اس وقت سندھ کے ضلع تھرپارکر میں موجود ہے اور آئندہ 18 سے 24 گھنٹوں کے دوران تھوڑا کمزور ہوکر واپس ڈپریشن میں تبدیل ہوگا۔

سسٹم کا رخ سندھ کے وسطی علاقوں میں مغرب اور شمال مغرب کی جانب رہے گا۔

ترجمان کے مطابق آج سے 10 ستمبر تک مون سون سون نظام کے تحت کراچی، شہید بے نظیر آباد، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، ٹنڈو اللہ یار، جامشورو، ٹھٹھہ اور بدین میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔

اس دوران کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش متوقع ہے اور تیزبارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کی صوتحال پیدا ہونے کے خدشات موجود ہیں۔

سسٹم جب بلوچستان کی جانب منتقل ہوگا تو حب ڈیم میں مسلسل بارش کے سبب پانی کی سطح بڑھے گی جبکہ بارشوں کی وجہ سے دادو کے پہاڑی سلسلے پر طغیانی کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سسٹم کے ڈپریشن یا ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہونے کے سبب کراچی میں 60 سے 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدیات کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں