0

پنجاب پولیس کی خاتون افسر نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا

پنجاب پولیس کی سینئر خاتون افسر، ایس پی عائشہ بٹ کو انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس (IAWP) کی جانب سے “ایکسلینس ان پرفارمنس ایوارڈ 2025” سے نواز دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایس پی عائشہ بٹ کو یہ اعزاز اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں منعقدہ IAWP کی 62ویں سالانہ کانفرنس کے دوران پیش کیا گیا، جہاں دنیا بھر کے 40 سے زائد ممالک کی 300 خواتین پولیس افسران نے مختلف ایوارڈز کیٹیگریز میں حصہ لیا۔

IAWP کی صدر جولیا جیگر نے ایس پی عائشہ بٹ کو یہ اعزاز ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں پیش کیا۔

ایس پی عائشہ بٹ اس وقت سٹی ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) گوجرانوالہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہیں ٹریفک سیفٹی، کمیونٹی انگیجمنٹ اور پولیس و عوام کے درمیان موثر روابط قائم کرنے میں نمایاں کردار پر اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یہ ایوارڈ ہر سال دنیا کی کسی ایک نمایاں خاتون پولیس افسر کو دیا جاتا ہے جو اپنے معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی عائشہ بٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کو محکمہ پولیس، بالخصوص خواتین افسران کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں