ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے اغوا اور قتل کی دھمکیوں کے مقدمے میں گرفتار ملزم حسن زاہد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو مبینہ دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود چوہدری کی عدالت میں ملزم کو پیش کیا گیا۔
عدالت نے ملزم حسن زاہد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بیجھنے کا حکم دے دیا۔ پولیس کیجانب سے ملزم کے 5 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مبینہ اغواء کے مقدمے میں بھی ملزم جوڈیشل ہوچکا ہے۔ ملزم کیخلاف تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج ہے۔
حسن زاہد نے نوجوان ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو ان کے گھر کے باہر سے اغوا کرنے کی کوشش کی تھی جبکہ سامعہ نے ملزم پر الزامات عائد کیے ہیں کہ اس نے انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دی ہیں۔
ٹک ٹاکر نے بعد ازاں ویڈیو میں یہ بھی انکشاف کیا کہ ملزم حسن زاہد ان کا منگیتر تھا تاہم ان کا رشتہ ختم ہوچکا ہے۔