0

وزیراعلیٰ سندھ سے ترکی اور بنگلادیشی سفارتکاروں کی ملاقات، سرمایہ کاری پر اتفاق

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سے ترکی اور بنگلادیشی سفارتکاروں نے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری اور باہمی تجارت پر اتفاق کیا گیا۔

ترکی کے نئے قونصل جنرل ارگل کدک کی سندھ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں، جنہیں مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت ترکی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں توانائی، پانی اور سڑکوں سمیت مختلف میگا پروجیکٹس جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد آبادی کا شہر ہے اور یہاں پبلک ٹرانسپورٹ اور انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ترکی کے قونصل جنرل ارگل کدک نے کہا کہ ترک سرمایہ کار سندھ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ کراچی ایک بہترین شہر ہے جہاں کے لوگ محبت کرنے والے ہیں۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سندھ کے انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا سربراہ جلد ترکی کے قونصل جنرل سے ملاقات کرے گا تاکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملی پیش رفت ہو سکے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سے بنگلادیش کے نئے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ثاقب صداقت نے بھی ملاقات کی۔ مراد علی شاہ نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش برادر مسلم ممالک ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کی اشد ضرورت ہے۔

ملاقات میں حالیہ سیلابی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی اور دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں