0

راولپنڈی میں ڈینگی پر قابو نہ پایا جا سکا، 24 گھنٹوں میں 20 نئے کیس رپورٹ

راولپنڈی:دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی میں ڈینگی کے خطرناک وار کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 20 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شہر میں اب تک ڈینگی کے 436 مصدقہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، تاہم رواں سال خوش قسمتی سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔ اس وقت 42 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

ڈینگی کی روک تھام کے لیے سرویلنس ٹیموں کی تعداد 1499 تک بڑھا دی گئی ہے جنہوں نے اب تک 50 لاکھ 94 ہزار 661 گھروں کی چیکنگ کی، جہاں گھروں میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد مقامات پر ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔

اس کے علاوہ 13 لاکھ 49 ہزار 812 مقامات کی اسپاٹ چیکنگ کی گئی جن میں سے 18 ہزار 894 مثبت نکلے۔ اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 58 ہزار 941 سائٹس سے ڈینگی لاروا تلف کیا جا چکا ہے۔

حکام کے مطابق ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4004 مقدمات درج کیے گئے، 1738 عمارتوں کو لاروا ملنے پر سربمہر کیا گیا جب کہ 3333 چالان کیے گئے۔ حکام کے مطابق ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں سے مجموعی طور پر 98 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ڈینگی مریضوں اور لاروا کی موجودگی زیادہ تر کوٹھا کلاں، کینٹ، خلیل سکھو، چک جلال دین، موہن پورہ، چری اور ڈھوک علی اکبر جیسے علاقوں میں سامنے آئی ہے، جہاں ٹیمیں انسداد ڈینگی مہم کو مزید تیز کر رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں