تھیٹر، ٹی وی اور فلم کے نامور کامیڈین لکی ڈیئر طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
60 سالہ فنکار گزشتہ آٹھ ماہ سے پھیپھڑوں اور ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے اور کافی عرصے سے لاہور کے میو اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
اہلِ خانہ کے مطابق آخر وقت میں ان کی حالت تشویشناک ہوچکی تھی اور وہ کومہ میں تھے۔ گردے، جگر اور معدہ بھی کام چھوڑ چکے تھے۔
لکی ڈیئر کے نواسے نے بتایا کہ مرحوم کی نماز جنازہ عصر کے بعد باغبانپورہ میں ادا کی جائے گی۔
یاد رہے کہ لکی ڈیئر گزشتہ چالیس سال سے شوبز سے وابستہ تھے اور سیکڑوں ڈراموں اور فلموں میں اپنی منفرد اداکاری سے ناظرین کو محظوظ کر چکے تھے۔