0

نئی دہلی کے اسٹیڈیم میں کینیا اور جاپان کے کوچز کو آوارہ کتوں نے کاٹ لیا

نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں کھیلوں کے بجائے آوارہ کتوں کا راج قائم ہوگیا ہے۔ ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران ایک بار پھر کتے کے حملوں نے انٹرنیشنل ایونٹ کی ساکھ پر سوالات اٹھا دیے۔

رپورٹس کے مطابق بھارت میں جاری ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران الگ الگ واقعات میں آوارہ کتوں نے 2 کو چز پر حملہ کردیا۔

کینیا کے کوچ ڈینیس موانزو اور جاپان کے اسسٹنٹ کوچ میکو اوتوماستو کتوں کے حملے اور کاٹنے سے زخمی ہوگئے جس سے منتظمین کو خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ چیمپئن شپ کے آغاز سے اب تک کتے کے حملوں کا پانچواں واقعہ ہے۔ اس سے قبل ایک سکیورٹی گارڈ اور 2 بھارتی شہری بھی کتوں کے حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔ اسٹیڈیم میں کتوں کے 3 حملے صرف 30 منٹ کے اندر ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے کینیا کے کوچ کی ٹانگ سے خون بہنے لگا تھا، کتوں کے حملے کے بعد دونوں کوچز کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

یاد رہے کہ ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مقابلے دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں