کراچی: پنجاب کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی ٹی ایل پی نے احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کی جس کے باعث دو بچے زخمی ہوگئے اور 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، احتجاج کے باعث متعدد سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
نیو کراچی میں نالہ اسٹاپ پر تحریک لبیک کے کارکنان نے احتجاج کیا، جہاں مشتعل افراد نے پتھراؤ کرکے گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔
نارتھ کراچی 4 کے چورنگی پر بھی تحریک لبیک کے کارکنان نے احتجاج کیا، مشتعل افراد نے سڑک ٹریفک کے لیے بند کی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
ڈی آئی جی ویسٹ، عرفان علی بلوچ کے مطابق پولیس نے احتجاج، پھتراؤ اور جلاو گھیراو کرنے والے افراد کو شیلنگ کرکے منتشر کر دیا۔
نیو کراچی سندھ ہوٹل اور فور کے چورنگی کے اطراف صورتحال پر قابو پا لیا گیا جبکہ ٹریفگ بھی بحال کروا دی گئی۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے بتایا کہ احتجاج، پھتراؤ اور جلاو گھیراو کرنے والے 5 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے شہر مریدکے میں پولیس اور رینجرز نے آپریشن کرتے ہوئے جی ٹی روڈ خالی کروا لیا تاہم مظاہرین کی فائرنگ سے ایچ ایچ او شہید جبکہ 48 اہلکار زخمی ہوگئے۔