پاکستان سے آسٹریلوی ویزا کیلئے درخواست دینا اب آسان ہوگیا ہے، آسٹریلین ہائی کمیشن

اسلام آباد: آسٹریلین ہائی کمیشن پاکستان کا کہنا ہےکہ پاکستان سے آسٹریلوی ویزا کے لیے درخواست دینا اب مزید آسان ہوگیا ہے۔

آسٹریلین ہائی کمیشن کے مطابق آسٹریلین امیگریشن ایپ اِمی (Immi App) اب پاکستان میں بھی آگئی ہے جس کے باعث آسٹریلیا کا ویزا لینےکا طریقہ اب پہلے سے بہت آسان ہوگیا ہے۔

آسٹریلین ہائی کمیشن کے مطابق یہ ایپ پاکستان کے لوگوں کا بہت سا وقت اور پیسے دونوں بچائےگی۔

ہائی کمیشن کے مطابق اگر کسی نے پہلے کبھی اپنی بائیومیٹرک آسٹریلین ادارے کو دی ہو اور ان کے پاس درست پاسپورٹ ہو تو دوبارہ بائیومیٹرک سینٹر جانے کی ضرورت نہیں۔

آسٹریلین ہائی کمشنر ٹموتھی کین کا کہنا ہےکہ ایپ کے ذریعے پاکستانی سیاح، طالب علم یا ورک ویزا کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔

آسٹریلین ہائی کمشنر کے مطابق ایپ کے ذریعے درخواست گزار بغیر کسی اپائنٹمنٹ کے اپنا پاسپورٹ اسکین کرسکےگا اور اپنی تصویر بھی ایپ کے ذریعے فراہم کرسکےگا۔

ہائی کمشنر کے مطابق اب یہ ایپ 34 ملکوں میں چل رہی ہے، اس ایپ کو پوری دنیا میں آپریشنل کرنے کا منصوبہ 2026 کے شروع میں مکمل ہوجائےگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں