صدر مملکت اور وزیراعظم کی دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدرِ مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ اور بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف زرداری نے فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کے خاتمےکو سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی قرار دیا۔

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسزکی 2کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 23 دہشتگرد ہلاک

انہوں نےکہاکہ باجوڑ میں خوارج سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کا مارا جانا امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے، پاکستان کی سرزمین پر غیر ملکی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ باجوڑ میں سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کا مارا جانا امن دشمنوں کے لیے دو ٹوک پیغام ہے، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیاں ملک میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ریاستی عزم کو واضح کرتی ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں