امریکا نے سعودی عرب کو اہم نان نیٹو اتحادی قرار دیدیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو اہم نان نیٹو اتحادی قرار دیدیا۔

امریکی صدر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں عشائیہ دیا، ایلون مسک اور کرسٹیانو رونالڈو نے بھی شرکت کی۔

سعودی عرب امریکا سے ایف 35 طیارے اور 300 ٹینک خریدے گا، ٹرمپ نے دفاعی پیکج کی منظوری دیدی

امریکی صدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد کو وائٹ ہاؤس میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نےکہا کہ سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے پر دستخط کئے، سعودی عرب اور امریکا کے تاریخی اور دیرینہ تعلقات ہیں، ہم سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلق کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ مشرق وسطی میں دیرپا امن قائم کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں، موجودہ صورتحال میں غزہ پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ محفوظ ہے، غزہ بورڈ آف پیس میں کئی ممالک کے سربراہان مملکت ہوں گے۔

امریکی صدر نے کہاکہ حماس کی جانب سے مزید یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیلی خاندانوں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

امریکی صدر کے خطاب کے بعد سعودی ولی عہد نے بہترین مہمان نوازی پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمارے امریکا کےساتھ بہترین تعلقات ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد امریکا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان سول نیوکلیئر معاہدے پراتفاق ہوگیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے سعودی عرب کےلیے بڑے دفاعی پیکج کی منظوری دیدی جس کے تحت سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیارے فراہم کیے جائیں گے، سعودی عرب امریکا سےتقریبا 300 ٹینک بھی خریدے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں