اسلام آباد:پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل صبح گیارہ بجے طلب کر لیا گیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
دوسری جانب، سینیٹ اجلاس کا 51 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 21 قوانین کے بلز شامل کیے گئے ہیں۔
اجلاس کے دوران 10 قوانین پیش کیے جائیں گے جب کہ 9 کی منظوری لی جائے گی۔ اس کے علاوہ اراکین کی جانب سے 2 قوانین واپس لیے جائیں گے۔ ایجنڈے میں پیکا ایکٹ ترمیمی بل بھی شامل ہے، جو اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی ترمیمی بل 2025 اور اسلام آباد میٹرو بس سروس بل 2025 بھی سینیٹ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن ترمیمی بل 2025 اور پاکستان براڈ کاسٹ کارپوریشن ترمیمی بل بھی اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ الیکٹرانک نیکوٹین ریگولیشن ترمیمی بل 2024 اور لیگل پریکٹیشنر اینڈ بار کونسل ترمیمی بل بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
گرفتار، زیر حراست اور زیر تفتیش قیدیوں کے حقوق سے متعلق بل کی سینیٹ سے منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ علاوہ ازیں تعزیراتِ پاکستان سیکشن 323، 330 اور 331 میں ترمیمی بل کی منظوری بھی شامل کی گئی ہے۔
ضابطہ فوجداری کی شیڈول ٹو میں 297 اے نئی شق شامل کرنے سے متعلق سی آر پی سی ترمیمی بل کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ مینٹل ہیلتھ ترمیمی بل اور پاکستان نرسنگ کونسل ترمیمی بل 2025 کی منظوری بھی سینیٹ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔




