عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سُپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے ساتھی اداکارہ صبا قمر سے مبینہ خاموش رقابت پر لب کشائی کردی۔
حال ہی میں اداکارہ اپنی نئی فلم ’نیلوفر‘ کی تشہیر کے لیے ساتھی اداکار فواد خان کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شریک ہوئیں۔
اس دوران شو میں شریک ایک مداح نے سوال پوچھا کہ آپ کی اور صبا قمر کی ہمیشہ خاموش دشمنی میڈیا پر ظاہر کی گئی، اس میں کتنی حقیقت ہے؟
اس پر ماہرہ نے کہا کہ بالکل بھی نہیں، مجھ سے یہ سوال کئی مرتبہ کیا گیا ہے اور میرا ہمیشہ جواب یہی رہا ہے کہ میری طرف سے ایسا بالکل بھی نہیں ہے، اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
انہوں نے صبا قمر کے بارے میں کہا کہ وہ ایک بہترین اداکارہ ہیں لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ یہ دنیا بھر کا مسئلہ ہے کہ جب لوگ 2 مضبوط اور کامیاب خواتین کو ایک ساتھ دیکھتے ہیں تو وہ اکثر انہیں ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے درمیان جان بوجھ کر مقابلہ یا دشمنی کا تاثر پیدا کیا جاتا ہے۔
ماہرہ کا کہنا تھا کہ بجائے اس کے کہ انہیں ایک ساتھ کام کرتے دیکھیں اور اس سے سوائے ان خواتین کے باقی سب کو فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابھی تک میں نے صبا کے ساتھ کام نہیں کیا مگر کبھی موقع ملا تو میں ان کے ساتھ کام کرنا پسند کرؤں گی، اگر ہم دونوں کسی پروجیکٹ میں ساتھ ہوں تو ممکنہ طور پر وہ ایک بہت بہترین پروجیکٹ بن کے سامنے آسکتا ہے۔









