پی سی بی کی پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے نام سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے نام سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کی نئی فرنچائزز کے لیے دو شہروں کے ناموں کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔

پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ کامیاب بولی دہندگان کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ بولی کے دستاویزات میں بتائے گئے طریقے سے تجویز کردہ کسی بھی شہر کے ناموں میں سے ٹیم کا نام منتخب کریں۔

پی سی بی کی جانب سے ٹیم فرنچائز رائٹس کے لیے ٹینڈر 15 نومبر 2025 کو شائع ہوا تھا جس کی ڈیڈلائن 15 دسمبر 2025 ہے۔

پی سی بی نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی ہے کہ براہ کرم کسی بھی دوسرے ذریعے سے حاصل کردہ معلومات کو سرکاری اور حتمی نہ سمجھا جائے۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے لیے چھ شہروں کے نام تجویز کیے ہیں جن میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں۔

گزشتہ روز مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائزز کے لیے گلگت اور فیصل آباد کے نام فائنل کرلیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں