اسمارٹ فونز کی بات ہو تو بیشتر افراد کی پسند ایپل کے آئی فونز ہوتے ہیں، چاہے وہ انہیں خریدنے کی سکت نہ بھی رکھتے ہوں۔
مگر دنیا کا ایک شہر ایسا ہے جہاں کے چور بھی صرف آئی فونز ہی چرانا پسند کرتے ہیں۔
جی ہاں واقعی اس شہر کے چور غیر معمولی حد تک پسند کے اسمارٹ فونز چرانا پسند کرتے ہیں۔
یہ شہر ہے لندن، جہاں کے چور صرف آئی فونز کو ہی ہدف بناتے ہیں جبکہ چوری کے دوران اینڈرائیڈ فونز کو نظر انداز یا لینا پسند نہیں کرتے۔
9 ٹو 5 میک کی ایک رپورٹ میں یہ دلچسپ انکشاف سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے رپورٹ کیے گئے واقعات میں سامنے آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لندن کے متعدد شہریوں نے ان واقعات کو رپورٹ کیا جن میں چوروں نے ان کے فونز کو چھینا، اس کا برانڈ چیک کیا اور اگر وہ آئی فون ہوا تو اسے لے کر بھاگ گئے یا اینڈرائیڈ فون کو پھینک کر چلے گئے۔
درحقیقت ان کی ترجیح ایسی واضح ہوتی ہے کہ کچھ متاثرہ افراد کے مطابق چوروں نے اس وقت بھاگنے کی بھی زحمت نہیں کی، جب انہیں علم ہوا کہ ان کے ہاتھ میں آئی فون کی بجائے کوئی اور اسمارٹ فون ہے۔
سکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق اس کے پیچھے چھپی وجہ بہت سادہ ہے، چوری شدہ آئی فون کی ری سیل ویلیو غیر قانونی سیکنڈ ہینڈ مارکیٹ میں زیادہ ہوتی ہے۔
آئی فونز پر انہیں زیادہ پیسے ملتے ہیں جبکہ ان ڈیوائسز کو ان لاک کرنا آسان ہوتا ہے۔
اس کے مقابلے میں اینڈرائیڈ فونز عموماً مڈ رینج یعنی کم مالیت کے ہوتے ہیں اور ان کی ری سیل ویلیو کافی کم ہوتی ہے۔









