دھرمیندر کی موت کے بعد پہلی سالگرہ، ہیما مالنی کی جذباتی ٹوئٹ وائرل

بالی وڈ کی سینئر اداکارہ و سیاستدان ہیما مالنی نے شوہر کی وفات کے بعد ان کی سالگرہ کے روز جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔

ہیما مالنی نے دو دلکش تصاویر شیئر کرتے ہوئے طویل پیغام لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ دو ہفتے سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، جب آپ نے مجھے دل شکستہ چھوڑ دیا، آہستہ آہستہ اپنے وجود کے ٹکڑوں کو اکٹھا کرکے میں زندگی کو دوبارہ بنانے کی کوشش کر رہی ہوں، یہ جانتے ہوئے کہ آپ ہمیشہ میرے ساتھ ہوں گے۔

سینئر اداکارہ نے کہا کہ ہماری زندگی کی خوشگوار یادیں کبھی مٹ نہیں سکتیں اور ان لمحات کو زندہ کرنا، انہیں یاد کرنا مجھے بہت سکون اور خوشی دیتا ہے۔

ہیما مالنی نے کہا کہ ساتھ گزارے جانے والے لمحات کے لیے میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے ہمیں جو کچھ دیا اور ہماری پیاری بیٹیاں دیں، خدا سے میری دعا ہے وہ آپ کو امن اور خوشی عطا کرے ، جہاں بھی آپ ہیں وہاں سکون سے ہوں۔

واضح رہے کہ دھرمیندر 89 برس کی عمر میں 24 نومبر کو ممبئی میں انتقال کرگئے جس کے بعد ان کے چاہنے والوں نے سوشل میڈیا پر شدید دکھ کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں