اسلام آباد :(روزنامہ جرأت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیووس میں حالیہ ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے سوال کیا، ’میرے پسندیدہ فیلڈ مارشل کیسے ہیں‘؟
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے جواب میں مہمانوں کی اگلی صف میں بیٹھے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب اشارہ کیا۔ امن بورڈ کے معاہدے پر ارکان کی دستخط کی تقریب کے دوران دنیا بھر کے ٹی وی چینلز نے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیلڈ مارشل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دکھایا۔
ٹرمپ کی ایک بار پھر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف، پاک بھارت جنگ رکوانےکا بھی ذکر
میڈیاے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ورلڈ اکنامک فورم کے ڈیووس میں ہونےوالے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی مختصر ملاقات کی تفصیلات بھی شیئر کیں اور کہا کہ انہوں نے غزہ کیلئے بورڈ آف پیس کے قیام کے اقدام پر صدر ٹرمپ کو سراہا، جسے انہوں نے جنگ سے متاثرہ خطے میں امن کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ وزیراعظم کے مطابق ‘میں نے صدر ٹرمپ سے کہا کہ اگر وہ فلسطینی عوام کیلئے امن، وقار اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں اور غزہ کی تعمیر نو کا معاملہ کامیاب ہوا تو تاریخ اس اقدام کو ان کی عظیم وراثت کے طور پر یاد رکھے گی‘۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے میں صدر ٹرمپ کے مؤثر کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا’ مسٹر پریذیڈنٹ، تاریخ آپ کو ایک ایسے عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھے گی جس نے بروقت اور موثر انداز سے مداخلت کرکے خطے میں لاکھوں جانیں بچائیں‘، ملاقات کے ایک دلچسپ پہلو کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے خود پاکستان کے آرمی چیف کے بارے میں استفسار کیا۔ وزیراعظم کے مطابق یہ مختصر ملاقات خوشگوار ماحول میں اور نہایت مثبت اور تعمیری رہی۔




