(روزنامہ جرأت) ملک میں جما دینے والی سردی کی لہر کے باعث بلوچستان میں امتحانات کو ملتوی کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم بلوچستان نے برفباری، بارشوں کے ساتھ انتہائی شدید سرد موسم کے صوبے بھر میں 8 ویں جماعت کے امتحانات باعث ملتوی کر دیے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امتحانات میں تاخیر کا فیصلہ نامساعد موسمی حالات کی روشنی میں اور طلبہ کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم بلوچستان نے متعلقہ ضلعی تعلیمی افسران اور والدین کی درخواست پر امتحان ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل صوبے بھر میں آٹھویں جماعت کے امتحانات 26 جنوری کو ہونے تھے۔ تاہم نئے شیڈول کے مطابق اب یہ امتحانات 6 فروری سے شروع ہوں گے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (DEOs) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ اور والدین کو امتحان کی نئی تاریخوں کی بر وقت اطلاع فراہم کریں۔




