لاہور: (روزنامہ جرأت)داتا دربار کے قریب سیوریج لائن میں گرنے والی بچی کی لاش مل گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق سیوریج لائن میں گرنے والی 10 ماہ کی ردا فاطمہ کی لاش آؤٹ فال روڈ کی سیوریج لائن سے ملی ۔دوسری جانب خاتون اور بچی کے سیوریج ہول میں گرنے کے واقعے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بھکر سے واپسی پر ائیرپورٹ پر ہی ہنگامی اجلاس طلب کیا اور واقعے سے متعلق غیر جانبدار فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ فوری پیش کرنے کا حکم دیا۔
علاوہ ازیں اس واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق متاثرہ خاتون، بچی اور شوہر کو6:47 پر داتا دربار کے قریب شاپنگ کرتے دیکھاگیا اور تینوں رات 7:22 پر داتا دربار کے سامنے پہنچے۔رپورٹ کے مطابق 7:30 بجے تینوں داتا دربار سے پرانی پرندہ مارکیٹ کی جانب جاتے دکھائی دیے اور پھر 7:32 پر ریسکیو 1122 کو خاتون اور بچی کے گرنے کی کال آئی جس کےبعد ریسکیو اہلکار 4 منٹ میں پہنچ گئے۔ابتدائی رپورٹ میں بتایاگیا ہےکہ خاتون کی ساس کو وہاں شور مچا کر لوگوں کو بلاتے ہوئے دیکھا گیا۔واضح رہے کہ سیوریج لائن میں گرنے والی خاتون کی لاش پہلے ہی نکالی جاچکی ہے۔




