اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی سستی کرنے کا اعلان کردیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملک کے معروف ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صنعتی شعبے کو ریلیف فراہم کرنا اور پیداوار کو فروغ دینا ہے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت کا بنیادی کردار خود کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہو سکتی، اس لیے حکومت ایسے فیصلے کر رہی ہے جن سے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو اب گروتھ کی جانب لے جانا ناگزیر ہو چکا ہے اور اس مقصد کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔ وزیراعظم کے مطابق تاجر اور صنعتکار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر بہتر معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں گی۔




