martyrjanaza

بلوچستان میں فورسز کی کارروائیوں میں 67 دہشتگرد ہلاک، شہید جوانوں کی نماز جنازہ ادا

(روزنامہ جرأت)بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 12 مقامات پر حملے ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں میں 67 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جوان شہید ہوئے جن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں یہ تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں میں اب تک فتنۃ الہندوستان کے 58 دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں جب کہ اس دوران سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان اس دھرتی اور عوام کی حفاظت کے لیے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔
بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔شہداء کی نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شرکت کی، اس کے علاوہ کور کمانڈر بلوچستان ، صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور آئی جی پولیس بلوچستان سمیت اعلیٰ حکام بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی سلامتی کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مستعدی اور کامیابی سے ان حملوں کو ناکام بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو توڑ نہیں سکتی، بلکہ قوم کو مزید مضبوط بناتی ہے، دہشت گرد عناصر ریاست کی طاقت اور عوام کے عزم کے سامنے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف لوکیشنز پر دہشت گردوں کا تعاقب اور انگیجمنٹ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں مزید دہشت گردوں کی ہلاکتیں اور نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے 10 شہدا کے علاوہ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گوادر میں خضدار سے تعلق رکھنے والے ایک بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد سمیت 11 شہریوں کو بھی شہید کر دیا، جن میں ایک خاتون کے علاوہ 3 بچے بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے آپریشنز اور فضائی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں کے دوران ہندوستانی میڈیا اور سوشل میڈیا کی فتنۃ الہندوستان کی مکمل سپورٹ دونوں کے گٹھ جوڑ کو مزید واضح کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ 48 گھنٹوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس کے علاوہ دیگر کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 41 دہشت گرد پہلے ہی جہنم واصل کر چکے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں امن کو درپیش خطرات کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے متعدد مقامات پر کی گئی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے پر افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔انہوں نے کارروائیوں کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ عزم ہے کہ بلوچستان کے امن، شہریوں کے تحفظ اور قومی وحدت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ریاست بیرونی سرپرستی میں سرگرم دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت اور یکجہتی کے ساتھ کارروائی جاری رکھے گی۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی فتنۃ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کو بری طرح ناکام بنانے اور دشمن کے ارادوں کو خاک میں ملانے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پزیرائی کی ہے۔وزیراعظم نے کوئٹہ، نوشکی، دالبندین، پسنی اور گوادر میں 12 مقامات پر فتنۃ الہندوستان کے منظم حملوں کو ناکام بنانے اور درجنوں دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔انہوں نے گزشتہ 48 گھنٹوں میں مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی پشت پناہی میں سرکردہ دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر ارضِ وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے آپریشنز کے دوران وطنِ عزیز کی حفاظت کو اپنی جان پر فوقیت دیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے دس فرض شناس سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوان اپنی جان کی پروا کیے بغیر ارضِ وطن کی حفاظت میں مصروفِ عمل ہیں۔ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے اور ارضِ وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے حملے ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرکے دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا۔محسن نقوی نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کیا اور حملے ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے حملے ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 10 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے جان دے کر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر ناز ہے، جامِ شہادت نوش کرنے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں