(روزنامہ جرأت)کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں مبینہ خاتون حملہ آور سمیت 10 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ برٹش کولمبیا میں ٹمبلر رج (Tumbler Ridge) کے ایک ہائی اسکول میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں مبینہ حملہ آور سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
اس حوالے سے پولیس نے بتایا گیا ہے کہ اسکول سے 6 افراد کی لاشیں ملیں جبکہ واقعے میں ایک زخمی شخص اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق مزید 2 افراد ایک گھر میں مردہ پائے گئے جن کے بارے میں خیال ہے کہ ان کا تعلق بھی فائرنگ کے واقعے سے ہی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں شدید زخمی ہونے والے 2 افراد کو ائیرلفٹ کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جن کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جبکہ زخمی ہونے والے 27 افراد کو طبی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔پولیس نے مزید بتایا کہ ٹمبلر رج کی حملہ آور ممکنہ طور پر خاتون تھی، مشتبہ حملہ آور نے فائرنگ کرنے کے بعد خودکشی کی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہے۔




