imrankhanbail

خون کے لوتھڑے کے باعث آنکھ شدید متاثر ہوچکی، عمران خان کی ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست دائر

(روزنامہ جرأت)توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزا معطل کرکے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری نے عمران خان کی ضمانت پر رہائی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی۔ اس کے علاوہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطل کرنے کا کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی متفرق درخواست بھی دائر کی گئی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنی دائیں آنکھ کی ایک سنگین بیماری میں مبتلا ہیں، آنکھ کی بیماری کی تشخیص پمز کے ڈاکٹر محمد عارف نے کی، ڈاکٹر نے قرار دیا کہ درخواست گزار کی دائیں آنکھ خون کے لوتھڑے کے باعث شدید متاثر ہو چکی ہے۔
ضمانت پر رہائی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیماری کے نتیجے میں عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی ہے، اس بیماری کا علاج جیل کے اندر ممکن نہیں ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 73 سال ہے، عمران خان کو ضمانت پر رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنا علاج کروا سکیں۔بعد ازاں صحافی کی جانب سے سلمان صفدر سے پوچھا گیا کہ عمران خان نے خود کہا یا ڈاکٹرز نے ان کو بینائی جانے کا بتایا ؟ جس پر انہوں نے جواب دیا میری رپورٹ کی کوئی چیز ایسی نہیں جو سمجھ نا آئے ، بانی پی ٹی آئی نے مجھے بتایا کہ ان کو پمز اسپتال کے ڈاکٹرز نے بتایا تھا۔
بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا عمران خان نے بتایا تھا کہ ان کو پمزکے ڈاکٹرز نے ٹیسٹ اور ریسرچ کے بعد بتایا کہ انکی 85 فیصد بینائی جا چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں