martyrkaramatandgulfaraz

بنوں: فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کا حملہ، پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید

راولپنڈی: (روزنامہ جرأت)بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو خودکش بمبار کی گاڑی کی اطلاع ملی تھی اور خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز علاقے میں آپریشن کررہی تھیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بنوں میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے قافلے پرفتنہ الخوارج نے حملہ کردیا اور خوارج نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آرکے مطابق اس دوران فورسز کے آپریشن میں 5 خوارج بھی مارے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ ماہ مقدس میں بھی خوارج کی افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردانہ سرگرمیاں جاری ہیں، دہشتگردوں کے ماہ رمضان کے تقدس کے پامال سے واضح ہے ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال سے روکنے میں ناکام ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان خوارج کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا، سیکیورٹی فورسز کی ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے غیرمتزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں