(روزنامہ جرأت)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو کارروائیاں کرتے ہوئے 15 دہشتگرد ہلاک کردیے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 15 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے۔ 5 مارچ کو خفیہ اطلاع پر ضلع ہرنائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج مارے گئے۔
ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بسیمہ میں کیا گیا جہاں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے مختلف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا۔ شدید مقابلے کے بعد 3 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشتگرد متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھیں۔




