ڈی آئی خان:(روزنامہ جرأت)ہنگو کے تھانہ ٹل کے علاقے چھپری وزیرہ میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے دوران پولیو ڈیوٹی پر اہلکار شہید ہوگیا اور 4 زخمی ہوگئے جبکہ دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ڈی پی او ہنگو کے مطابق پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ کے بعد مزید نفری روانہ کی گئی، پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔شہید اہلکار اسرار الحق پی ٹی سی مین انٹرمیڈیٹ کورس کر رہا تھا، جس کا تعلق شانگلہ سے ہے۔ایس ایچ او تھانہ ٹل کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ڈی آئی جی کوہاٹ نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد دو دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاعات، دہشتگرد اپنے ساتھیوں کو ساتھ لے گئے۔انکا کہنا تھا کہ جوانوں نے بہادری اور دلیری سے دہشتگرد حملہ ناکام بنایا، دہشتگردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
آر پی او کا کہنا تھا کہ ہنگو میں پولیو مہم جاری رہے گی، دہشتگرد قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھیں گی۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع ہنگو میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔




