iranamericatalk

اسلام آباد میں ایران مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ، امریکی وفد کی قیادت کون کرے گا؟ بڑی خبر سامنے آگئی

واشنگٹن:(روزنامہ جرأت) امریکی ٹی وی چینل سی این این نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں بھی امریکی وفد کی قیادت کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق اگر جنگ بندی ختم ہونے سے قبل ایران کے ساتھ ایک اور ملاقات طے پاتی ہے تو اس میں امریکی وفد کی قیادت جے ڈی وینس کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے۔ اس پیش رفت کو امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق اس وفد میں سابق صدر کے داماد جیرڈ کشنر اور مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف بھی شامل ہوں گے، جو مذاکراتی عمل میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے بھی عندیہ دیا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ آئندہ دو روز میں دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سب سے اہم اور پیچیدہ معاملہ ایران کے یورینیم افزودگی پروگرام سے متعلق ہے، جس میں افزودگی کو معطل کرنے کے دورانیے پر اختلافات برقرار ہیں۔
امریکا یہ بھی چاہتا ہے کہ ایران اپنی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر ختم کرے، جبکہ ساتھ ہی آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ عالمی تجارتی سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ مذاکرات نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے بلکہ عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات کو بھی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں