اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)بشریٰ بی بی سے ملاقات اور ذاتی معالج کی رسائی سے متعلق درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالت طلب کرلیا گیا۔ہائیکورٹ نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فیملی ملاقات اور ذاتی معالج تک رسائی کی درخواست پر سماعت کی تھی، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے 12 مئی کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو طلب کر لیا۔حکم نامے میں عدالت نے کہا کہ ایڈوکیٹ جنرل اسلام نوید حیات ملک کے مطابق عدالتی حکم پر عمل ہو گیا ہے۔ درخواست گزار کو سپرنٹنڈنٹ جیل نے ٹیلی فون پر سنا ہے۔
ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ اس حوالے سے رپورٹ جمع کرانے کے پراسس میں ہے ۔ سلمان اکرم راجہ نے اعتراض اٹھایا کہ عدالتی حکم کے مطابق بشریٰ بی بی کا علاج نہیں ہو رہا ۔ عدالتی حکم کے مطابق سپرنٹنڈنٹ نے درخواست گزار کو نہیں سنا ، ذاتی طور پر سنا جانا چاہیے۔
عدالت نے حکم دیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل درخواست گزار بشریٰ بی بی کی بیٹی کو پیر کو ذاتی حیثیت میں سنیں ۔ ایڈوکیٹ جنرل سے توقع ہے کہ وہ سلمان راجہ کے ذریعے پیر کے دن کا وقت درخواست گزار کو بتائیں گے ۔ اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ درخواست گزار کی درخواست پر سن کر فیصلہ کریں گے ۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل 12 مئی کو رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں گے ۔بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 12 مئی تک ملتوی کردی گئی۔




