(روزنامہ جرأت)ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی حملوں کے جواب میں خلیجی خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے، جن میں بحرین میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ اور کویت کے متعدد فوجی اڈے شامل ہیں۔
ایرانی خبر رساں اداروں مہر اور فارس کے مطابق ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب نے ڈرون اور میزائل حملوں کی نئی کارروائیوں میں بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ کے بعض فوجی اور مواصلاتی اہداف کو نشانہ بنایا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملوں میں ففتھ فلیٹ سے متعلق کمیونیکیشن اینٹینا اور پیٹریاٹ دفاعی نظام کے ریڈار مراکز کو ہدف بنایا گیا۔دوسری جانب بحرین کی وزارت داخلہ نے فضائی حملے کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور پرسکون رہنے کی ہدایت کی۔ حکام نے صورتحال پر نظر رکھنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل بھی کی۔ادھر ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فضائی حملوں کے جواب میں کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر بھی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ دو مختلف آپریشنل لہروں کے دوران امریکی فوج سے متعلق 18 اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔بیان کے مطابق کویت میں علی السالم اور احمد الجابر ایئر بیسز کو ہدف بنایا گیا، جبکہ بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئر بیس کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکی حملوں کے جواب میں کی گئیں۔تاہم امریکی حکام یا بحرین اور کویت کی حکومتوں کی جانب سے ایرانی دعوؤں کی مکمل تصدیق یا نقصانات کی تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سیکیورٹی الرٹ مزید سخت کر دیا گیا ہے اور صورتحال پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔




