hajj2027

حج 2027ء کی تیاریاں؛ اہم شرائط اور ہدایات جاری کردی گئیں

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2027 کے لیے تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے عازمین کے لیے اہم شرائط اور ہدایات کا اعلان کر دیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزارت مذہبی امور کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حج 2027 کے خواہش مند عازمین کی رجسٹریشن کا عمل بہت جلد شروع کیا جائے گا۔ یہ عمل سعودی عرب کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔رجسٹریشن کے لیے پاسپورٹ کی مدتِ میعاد کے حوالے سے وزارت نے واضح کیا ہے کہ عازمین کے پاسپورٹ 16 نومبر 2027 تک کارآمد ہونے لازمی ہیں۔جو عازمین رجسٹریشن مکمل کروائیں گے انہیں یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق سرکاری یا نجی حج اسکیموں کا انتخاب کر سکیں گے۔
وزارت مذہبی امور نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ حج 2027 کے لیے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی رجسٹریشن کا عمل یکساں طور پر کھلا ہوگا۔واضح کیا گیا ہے کہ رجسٹریشن کے لیے فی الحال کوئی فیس مقرر نہیں کی گئی اور اخراجات سمیت دیگر شرائط حج پالیسی 2027 کے تحت طے ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں