air force day

یوم فضائیہ آج منایا جارہا ہے، صدر مملکت اور وزیر اعظم کا ایئر فورس کے شاہینوں کو خراج تحسین

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت) پاکستان بھر میں آج 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔یہ دن 1965 کی پاک بھارت جنگ کے اس تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں منایا جاتا ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شجاعت، مہارت اور جانبازی کی لازوال مثالیں قائم کیں۔ اور اس دن پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام بیسز پر 7 ستمبر کو یومِ شہداء کے طور پر منایا، اس موقع پر پاکستان ائیر فورس کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، دن کا آغاز شہدائے پاک فضائیہ کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا اور قرآن خوانی سے ہوا جس میں قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے تمام جانبازوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ یومِ شہداء کی مرکزی تقریب کے مہمانِ خصوصی سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے، سربراہِ پاک فضائیہ نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فضائیہ کے بہادر شہداء کی یاد میں فاتحہ خوانی کی۔یوم فضائیہ پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ نے معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی، جرأت مندانہ قیادت اور بہترین منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود مقابلہ کرنے کی روایت برقرار رکھی، دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہے۔
یومِ فضائیہ پر وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے دہائیوں فضائی معرکوں میں اپنی مہارت اور برتری کا لوہا منوایا، یہ ممتازادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت و بہادری کیساتھ لبیک کہا، ستمبر 1965 میں فضائی حدود کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ کا عزم دیدنی تھا۔اسی جوش و ولولہ نے انہیں فضاؤں کی وسعتوں میں کامیابی سے ہمکنارکیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہینوں نے مادروطن کے دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاک فضائیہ کے عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہمارا اعزاز ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یوم فضائیہ پر پاکستان ائیر فورس کے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم فضائیہ پر شاہینوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضاؤں میں جرات، شجاعت اور بہادری کی داستانیں رقم کیں۔مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ برس مئی میں پاک فضائیہ نے دشمن کے 8 جدید ترین جنگی طیارے گرا کر سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا- یوم فضائیہ قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور حب الوطنی کے جذبے کی علامت ہے، پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے پاکستان ائیر فور س کا کردار ناقابل فراموش ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ​7 ستمبر 1965ء پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور بے مثال پیشہ وارانہ مہارت کا تاریخی دن ہے، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965 کی جنگ میں دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی شجاعت پاکستان کی فوجی تاریخ کا سنہری اور ناقابلِ فراموش باب ہے، ایم ایم عالم نے چند لمحوں میں دشمن کے 5 طیاروں کو تباہ کر کے تاریخی کارنامہ انجام دیا۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ​پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت اور صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے، ​وطنِ عزیز کی فضائی سرحدوں کے پاسبان ہمہ وقت بیدار اور مستعد ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں