وزیر اعظم پاکستان کی سعودی عرب پر بزدلانہ حوثی حملوں کی شدید مذمت

کراچی:(روزنامہ جرأت) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب میں شہری اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے بزدلانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، پاکستان خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس نوعیت کے بزدلانہ اور مذموم حملے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقائی امن و سلامتی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔شہباز شریف نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں