shooting at lakki marwat judicial complex

لکی مروت جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ، پولیس اہلکار جاں بحق، پیپلز پارٹی کے رہنما شدید زخمی

(روزنامہ جرأت)لکی مروت میں جوڈیشل کمپلیکس کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں کچہری میں بھگدڑ مچ گئی۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ لکی مروت میں ایڈیشنل سیشن جج کے کمرہ عدالت کے باہر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، فائرنگ کی زد میں آکر پی پی پی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات جاوید اقبال ایڈووکیٹ شدید زخمی ہوئے۔پولیس ذرائع نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک جاں بحق اور دوزخمی ہوئے ہیں، فائرنگ سے پولیس اہلکار کرامت اللہ جاں بحق ہوا ہے، فائرنگ سے انشاءاللہ شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کو ہرقسم کی آمد ورفت کیلئے بند کردیا گیا، ایک قتل دو زخمی، زخمیوں میں جاوید اقبال ایڈووکیٹ ضلعی سیکرٹری اطلاعات پی پی پی شامل ہیں۔
دوسری جانب نوشہرہ کے علاقہ پناکوٹ چراٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ عادل وسیم شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ کو زخمی حالت میں اسپتال پہنچا دیا گیا، مانسہرہ میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر فاتحہ خوانی کے لیےاپنے گاؤں آئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں