field marshal met malaysian pm

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ ملائیشیا؛ وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات، دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی:(روزنامہ جرأت) چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی و عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور خطے سمیت عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کے امور پر بھی گفتگو کی اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ملائیشین وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے دفاع اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اعلیٰ سطح کے باقاعدہ دوروں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و بین الاقوامی سیکیورٹی معاملات پر مسلسل مذاکرات کے ذریعے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔قبل ازیں کوالالمپور میں ملائیشین وزارت دفاع پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان اور بری فوج، شاہی بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان بھی موجود تھے۔بعد ازاں ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ دونوں فریقوں نے دفاعی شراکت داری میں توسیع، افواج کے درمیان براہ راست روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی۔اپنے اس اہم دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں ایک خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے ممتاز ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں