کراچی: (روزنامہ جرأت)وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے پر سیکرٹری بلدیات کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرا چی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے پر اجلاس ہوا جس دوران وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی ایس بی سی اے وسیم شمشاد کو دونوں عہدوں سے ہٹادیا اور وفاقی حکومت کو وسیم شمشاد کو معطل کرکے انکوائری کی سفارش کی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کے متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کا حکم دیا اور عمارت کے مالک اور بلڈر کو گرفتار کرنے سمیت عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجنیئر کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت کی۔ ترجمان کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نےڈی سی ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدے سےہٹادیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے عمارت کے گرنے پر شدید ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کےبعد بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کوئی ملازم ملوث پایا گیا توکارروائی کی جائے۔




