لنڈی کوتل; پولیس کی بڑی کارروائی موٹرکار سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

خیبر :لنڈی کوتل پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے موٹرکار سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لیں۔ کارروائی کے دوران 102 کلوگرام چرس، 50 کلوگرام آئس اور 17 کلوگرام ہیروئن قبضے میں لی گئی،ملزم گرفتار مقدمہ درج

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال کے خصوصی احکامات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلرز کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او لنڈیکوتل عدنان آفریدی کی سربراہی میں اے ایس آئی بہار گل نے علاقہ نیز ولی خیل مارکیٹ کے قریب ناکہ بندی کے دوران ایک مشتبہ موٹرکار کو روک کر تلاشی لی جس سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔ پولیس نے موقع پر افغانی منشیات اسمگلر خایستہ الرحمان ولد لال بادشاہ ساکن پیروخیل لنڈیکوتل کو گرفتار کر لیا۔

ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال نے کہا کہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا اور نوجوان نسل کو اس کے مضر اثرات سے بچانا خیبر پولیس کا اولین مشن ہے۔ نوجوان نسل خصوصاً طلباء کو آئس جیسے زہریلے نشے کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے عوام پولیس کا ساتھ دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروش معاشرے کے لئے ناسور ہیں، ان کے خلاف مہم پوری شدت سے جاری رہے گی اور جب تک علاقے سے منشیات فروش اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، پولیس کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں