(روزنامہ جرأت)آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہونے اور شکست کا سارا ملبہ کھلاڑیوں پر ڈال دیا۔
آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے کہا کہ سنا ہے کہ کچھ لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو اہمیت نہیں دیتے، ہم پچھلے کچھ عرصے سے بھرپور تیاری کررہے تھے، ہم نے 2021 میں ورلڈکپ جیتا اور اس کے بعد کامیاب نہ ہوسکے، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم سے توقعات بہت زیادہ ہوتی ہیں جو کہ درست ہے۔آسٹریلوی ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ پرفارمنس کا تعلق اس سے نہیں ہونا چاہیے کہ کچھ کھلاڑی ہماری ٹیم میں شامل نہیں تھے، ہمیں پرفارمنس کو دیکھنا چاہیے جس نے ہمیں مایوس کیا، ہمیں ان پرفارمنسز کو قبول کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف میچ میں ہمیں مزید رنز کرنے چاہیے تھے، تینوں شعبوں میں ہمیں بہتری کی ضرورت ہے، بہت سارے کھلاڑیوں نے ایک ساتھ پرفارم نہیں کیا، ابھی ہر چیز پر انگلی اٹھانے کا وقت نہیں۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ واپس جا کر تمام چیزوں کا جائزہ لیں گے اور اس کے لیے تھوڑا وقت درکار ہوگا، اگلے ورلڈ کپ سے قبل اور بھی ٹورنامنٹس ہیں، ہمارے کھلاڑی بی بی ایل اور پی ایس ایل کھیلیں گے، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سیریز کم ہیں مگر ہم اپنی تیاری کریں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں زمبابوے اور سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز میں بھی کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔




