pkstockexchange

ایران امریکا جنگ بندی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بڑی تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز

کراچی:(روزنامہ جرأت)پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں ایران امریکا جنگ بندی کے معاشی اثرات فوراً ہی عالمی مارکیٹ میں دیکھے جا رہے ہیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بدھ کے روز 12920 پوائنٹس کی بڑی نوعیت کی تیزی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 64 ہزار 594 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔پی ایس ایکس انتظامیہ کے مطابق بڑی نوعیت کی تیزی کے باعث کاروباری سرگرمیوں کو ایک گھنٹے کے لیے معطل کر دیا گیا۔آج صبح کاروبار بڑھتے ہی کے ایس ای 30 انڈیکس میں 5 فیصد سے زائد کے بڑے اضافے پر ٹریڈنگ صبح 9 بجکر 37 منٹ پر معطل کی گئی، جس کے بعد اب بازار حصص میں کاروباری سرگرمیاں 10 بجکر 42 منٹ پر بحال ہوں گی۔بعد ازاں پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری سرگرمیاں بحال کردی گئیں اور بازار حصص میں 12730پوائنٹس کی بڑی نوعیت کی تیزی کا تسلسل برقرار رہا، جس کے نتیجے میں انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 64 ہزار 404 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 2 ہفتوں کی مشروط جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈیوں میں بڑا ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی جبکہ اسٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 15.9 فیصد کمی کے بعد 92.30 ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ امریکی مارکیٹ میں ٹریڈ ہونے والا خام تیل بھی تقریباً 16.5 فیصد کمی کے ساتھ 93.80 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
تاہم ماہرین کے مطابق قیمتیں اب بھی اس سطح سے زیادہ ہیں جہاں تنازع شروع ہونے سے قبل 28 فروری کو تیل تقریباً 70 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث تیل اور گیس کی سپلائی شدید متاثر ہوئی تھی، خاص طور پر ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر حملوں کی دھمکی کے بعد توانائی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔جنگ بندی کے بعد ایشیا پیسیفک خطے کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے، جہاں جاپان کے نکئی 225 انڈیکس میں 4.5 فیصد جبکہ جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 5.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں