samarkhan

ثمرخان آرکٹک مہم مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی ایتھلیٹ بن گئیں

(روزنامہ جرأت)پاکستان کی معروف ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان نے ایک اور بڑا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے فیل راؤن پولر چیلنج کی 300 کلومیٹر طویل برفانی مہم کامیابی سے مکمل کر لی۔تفصیلات کے مطابق ثمر خان نے اس مہم کے دوران منفی درجہ حرارت، جسمانی تھکن اور ذہنی دباؤ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔یہ مشکل سفر آرکٹک کے برف پوش میدانوں میں کتوں کی سلیج کے ذریعے طے کیا جاتا ہے، جہاں شدید سردی اور سخت حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ثمر خان کے مطابق یہ سفر صرف جسمانی آزمائش نہیں بلکہ خود کو دریافت کرنے کا ایک منفرد تجربہ بھی تھا۔انہوں نے کہا کہ آرکٹک کی خاموشی میں انہوں نے اپنی شخصیت کے ایک مضبوط پہلو کو پہچانا۔
مہم میں شرکت سے قبل ثمر خان کو ویزا حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا اور روانگی سے صرف ایک دن قبل ہی انہیں پاسپورٹ ملا، اس کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور عالمی مہم کا حصہ بن کر اسے مکمل کیا۔ثمر خان اس سے قبل بھی کئی اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں، جن میں بیا فو گلیشیئر پر سائیکل چلانے اور ماؤنٹ کلیمنجارو و ایلبروس جیسے پہاڑوں پر کامیاب مہمات شامل ہیں، جو انہیں پاکستان کی نمایاں ترین مہم جو شخصیات میں شامل کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں