(روزنامہ جرأت)مینز جونیئر ایشیا کپ کے آخری راؤنڈ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دے کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔چین میں ان دنوں مینز اینڈ ویمنز جونیئر ہاکی ایشیا کپ جاری ہے، مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے آخری راؤنڈ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو صفر کے مقابلے مین تین گول سے شکست دی۔ پاکستان جمعہ کو کوریا کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گا، پاکستان جونیئر ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔بنگلا دیش کے خلاف میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا، پاکستان کی جانب سے رانا ولید نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کے 9ویں اور 12ویں منٹ میں مسلسل دو فیلڈ گول اسکور کر کے ٹیم کو مضبوط برتری دلائی۔میچ کے آخری کوارٹر کے 52ویں منٹ میں غلام مصطفیٰ نے بہترین فیلڈ موو بناتے ہوئے تیسرا گول داغ کر پاکستان کی فتح یقینی بنادی، ٹورنامنٹ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔دوسری جانب ویمنز جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ قازقستان کی امان گیلدی ژانسایا نے 15ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم پاکستانی خواتین کھلاڑیوں نے شاندار کم بیک کیا۔ چوتھے کوارٹر کے 55ویں منٹ میں پاکستان کی کپتان شارقہ سرور نے بہترین فیلڈ گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کر دیا، اس ڈرا کے بعد قومی ویمنز ٹیم نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل




