heavyraininkpk

خیبر پختونخوا میں شدید بارشیں، گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8 بچے اور خاتون جاں بحق

پشاور:(روزنامہ جرأت)خیبر پختونخوا میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 9 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدئی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق جاں بحق افراد میں 8 بچے اور ایک خاتون جبکہ زخمیوں میں 26 مرد اور 21 بچے شامل ہیں۔ بارشوں کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 6 گھر وں کو جزوی نقصان پہنچا۔یہ حادثات صوبے کے دو اضلاع بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداراے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بنوں کی انتظامیہ کو جاں بحق افراد کے لواحقین کو امداد جلد از جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ پی ڈیی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ یہ سلسلہ منگل کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام سےاپیل کی جاتی ہے کے بلا وجہ سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگاہی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں