راولپنڈی:(روزنامہ جرأت)اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 6 اپریل سے 20 اپریل تک 15 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ جلسے، جلوس، دھرنے، احتجاج، مظاہرے اور ریلیاں نکالنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسلحہ کی نمائش، خطرناک اشیاء ساتھ رکھنے، پیٹرول بم، بال بیرنگ اور لاٹھیاں لے کر چلنے پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔اس کے علاوہ نفرت انگیز تقاریر، اشتعال انگیزی، ڈبل سواری اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔یہ فیصلہ ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں سیکیورٹی اداروں کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کی۔اجلاس میں اہم تنصیبات اور حساس مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والی سرگرمیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




