(روزنامہ جرأت)رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس پشاور میں ہو رہا ہے اور رمضان المبارک کا چاند آج پشاور میں دیکھا جائے گا، پورے ملک میں روزہ ایک ساتھ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جب قومیں متحد ہوتی ہیں تو ملک آگے بڑھتے ہیں، دشمن چالاک ہے اور دو ممالک ہمارے خلاف مل گئے ہیں، مئی میں اللہ نے ہمیں بنیان المرصوص میں فتح دی، بلوچستان اور اسلام آباد میں حملے ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سجدہ ریز لوگوں پر دھماکہ ہوا جو کوئی مسلمان سوچ بھی نہیں سکتا، باجوڑ میں مسجد میں دھماکہ ہوا، دشمن کا کوئی ایجنڈا اور سازش پورے پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان وہ بیانیہ ہے جس نے خودکش حملوں کو حرام قرار دیا، عاصم منیر کی قیادت میں فوج اور قوم بیدار ہے، رمضان المبارک آرہا ہے اس کے استقبال کا اہتمام کریں، تمام مکاتب فکر کے علماء، ماہرین فلکیات اور دیگر ماہرین پشاور پہنچ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں میں رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس بیک وقت منعقد ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ اس مرتبہ بھی پورے ملک میں روزہ ایک ساتھ ہوگا۔یاد رہے کہ اکستان کے قومی خلائی ادارے اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے رمضان المبارک کے چاند سے متعلق پیش گوئی کے مطابق چاند 18 فروری کی شام انسانی آنکھ سے دیکھے جانے کا امکان ہے جس کے بعد پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری کو ہونے کی توقع ہے۔ترجمان کے مطابق رمضان المبارک کا نیا چاند 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا جبکہ 18 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی جسے انسانی آنکھ سے دیکھا جا سکتاہے۔




