(روزنامہ جرأت)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پورا ملک جام کرنے کا اعلان کر دیا۔اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم سے سڑکوں پرآنے اور ملک بھر کے راستوں کو بلاک کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ ہم نے آج سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا کہ وہ اعلان اب بھی برقرار ہے لیکن اطلاعات یہ ہیں کہ سرگودھا جانے والے سارے راستے بند کردیے گئے ہیں، پنڈال پر پولیس کا مکمل قبضہ ہے، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ہمارے اہم رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں ہم جلسہ گاہ تک پہنچے یا نہیں، میں اعلان کرتا ہوں اور تمام صوبوں اور ان کے عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے گھروں سے نکلیں اور میدان میں نہیں بلکہ سڑکوں پر آجائیں اور تمام راستے بند کردیں، ہائی ویز روک دیں، موٹرویز روک دیں اور احتجاج کریں کہ ہمیں ایک جمہوری حق سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے، ہمیں ایک جلسہ کیوں نہیں کرنے دیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ کیوں اس جلسے کو روکنے کے لیے کارکنوں پر تشدد کیا جا رہا ہے، اس تمام صورتحال پر پورا ملک آج احتجاج کرے گا، سڑکوں پر نکلے گا اور تمام شاہراؤں کو احتجاج کے طور پر بند کردیں۔
اس سے قبل سرگودھا جلسہ اور جے یو آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے متعلق اپنے ایک بیان میں ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، امیر پنجاب مولانا امجد خان اور مرکزی صدر جے ٹی آئی ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا، حکومت ہوش کے ناخن لے فی الفور رہا نہ کیا تو حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہوگی، کیا ملک میں مارشل لاء لگ چکا ہے ؟ سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جارہی ہے۔
ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کررہی ہے، کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے، ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے، مولانا عبد الغفور حیدری ممبر قومی اسمبلی ہیں ،کیا ان کی گرفتاری سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے، بغیر وارنٹ گرفتاریاں اس ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، جےیوآئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
جنرل سیکریٹری پنجاب نصیر احرار نے کہا کہ حکومت ہمارے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو جلد ازجلد رہا کرے، ہم پر امن ہوکر تھوری دیر میں سرگودھا جلسہ کی جانب روانہ ہونگے، جی ٹی روڈ، موٹر وے اور دیگر راستے بند کرکے عوام کو تنگ کیا جا رہا ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔




