usmantariq

میں اپنے ایکشن پر نہیں بلکہ اچھی بولنگ پر انحصار کرتا ہوں: عثمان طارق

(روزنامہ جرأت)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل اسپنر عثمان طارق کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کے نام یا اس کے تاثر سے فرق نہیں پڑتا ، میچ میں اچھی بولنگ کرانا اہم ہے ۔کراچی میں نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں اسپنر عثمان طارق نے کہا کہ وہ کراچی میں سندھ پریمیئر لیگ میں کھیل چکے ہے، اس لیے اندازہ ہے کہ یہاں اسپنرز کو سپورٹ ملتی ہے، تاہم حتمی گیم پلان موجودہ کنڈیشنز دیکھ کر بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کنڈیشنز عموماً اسپنرز کے لیے مددگار ہوتی ہیں اور وہ اسی حساب سے اپنی حکمت عملی ترتیب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی ہدف ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا اور اپنی کارکردگی کے ذریعے ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں مدد دینا ہے۔اپنی کارکردگی میں بہتری سے متعلق سوال پر عثمان طارق کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے سے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے اور مائنڈ سیٹ مزید مضبوط ہوتا ہے، جس کا فائدہ لیگ کرکٹ میں بھی ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ٹیم آپ سے توقعات وابستہ کرتی ہے تو ذمہ داری کا احساس بھی بڑھ جاتا ہے۔
پی ایس ایل میں اہداف کے حوالے سے عثمان طارق نے کہا کہ وہ کسی ایک بیٹر کو ٹارگٹ نہیں کرتے بلکہ ہر وکٹ ان کے لیے اہم ہوتی ہے کیونکہ تمام بیٹرز ہی حریف ہوتے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے موجودہ رجحان پر انہوں نے کہا کہ یہ فارمیٹ بیٹرز کے لیے سازگار ہوتا جا رہا ہے، جس کے باعث بولرز کو زیادہ محنت اور ذہانت سے بولنگ کرنا پڑتی ہے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہر بیٹر کے ارادے اور میچ کی صورتحال کے مطابق پلان تبدیل کرنا پڑتا ہے، چاہے مقصد ڈاٹ بالز کرانا ہو یا بیٹر کو شاٹ کھیلنے پر مجبور کرنا۔کراؤڈ کی عدم موجودگی پر انہوں نے کہا کہ شائقین کی واپسی خوش آئند ہوگی۔
ان کے مطابق پی ایس ایل ایک ایسی لیگ ہے جہاں لوگ خصوصی طور پر وقت نکال کر میچز دیکھنے آتے ہیں، اس لیے امید ہے کہ حالات بہتر ہونے کے بعد شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں